پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ آئی جی لگاناعدالتوں کا اختیارنہیں‘فاروق ستارنے بانی متحدہ کا اندازسیاست اپنایا ہے ‘ آصف علی زرداری پر الزامات جھوٹے تھے ‘نیب کی اصلیت بے نقاب ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب زرداری کی بریت کے خلاف اپیل کا اخلاقی جواز نہیں رکھتا‘نیب کے اپیل دائر کرنے پر اعتراض نہیں لیکن رویے پر اعتراض ہے ، نواز شریف کے خاندان کے خلاف ریفرنس دائر ہوگئے لیکن گرفتاری ہوئی نہ ہی چیئرمین نے شریف خاندان کے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں کو نیب نے نوٹس دیئے بغیر گرفتار کیا ۔ نیب کا دوہرا رویہ قابل قبول نہیں‘سندھ حکومت غلام حیدر جمالی کوآئی جی کے عہدے پر رکھنا چاہتی تھی عدالت نے کہا نکال دو ‘۔
موجودہ آئی جی کو سندھ حکومت نکالنا چاہتی ہے عدالت کہتی ہے نہیں نکال سکتے۔ یہ کیا فیصلہ ہے کہ اکیس گریڈکے افیسر کو اکیس گریڈ کے افسران کی تقرری اور تبادلے کا اختیار دے دیا ، اس قسم کے فیصلوں سے جمہوری نظام حکومت نہیں چل سکتا اور صوبائی خود مختاری بھی زد میں آتی ہے‘ آئی جی سندھ پولیس کے چیف منسٹربن گئے ہیں‘صوبائی حکومت آئی جی سندھ کے فیصلے پرسپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے روہنگیا مسلمانوں کا مہاجروں سے موازنہ کرکے بانی متحدہ کا اندازسیاست اپنایاہے ، ایم کیو ایم سربراہ کو اپنے بیان پر قوم اور اردو بولنے والوں سے معافی مانگنی چاہئے ۔
اسلام آباد میں پارٹی میڈیا آفس میں نذیر ڈھوکی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ نیب نے آصف زرداری کی بریت کے خلاف اپیل دائرکر کے دوہرے معیار کا مظاہرہ کیا ہے ، نیب کا رویہ پیپلز پارٹی کے لئے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے لئے اور ہوتا ہے۔
نیب نے سپریم کورٹ میں ایک ہفتے کے اندرحدیبیہ پیپرز مل ریفرنس کھولنے کا کہا لیکن دو ماہ ہونے کو ہیں ابھی تک ریفرنس نہیں کھولا گیا نہ ہی نیب نے حدیبیہ پیپرزملز لاہور ہائی کورٹ فیصلے پر اپیل دائر کی۔ نیب نے شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم کو نوٹس تک نہیں بھیجا اور گرفتار کر لیا نواز شریف کے خاندان کے خلاف ریفرنس دائر ہوگئے لیکن گرفتاری ہوئی نہ ہی چیئرمین نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی ۔
آصف علی زرداری پر جو الزام ہیں اس سے زیادہ وہ سزا کاٹ چکے ، نیب کو آصف علی زرداری کوگیارہ سال سلاخوں کے پیچھے رکھنے کا حساب دینا چاہئے ۔نیب کا کردار بہت مشکوک ہے ،سعید غنی نے کہا کہ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ نیب چیئرمین لگانے میں ان سے غلطی ہوئی ۔
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالت کہتی ہے وزیر اعلی اور چیف سیکرٹری آئی جی سے پوچھ نہیں سکتے ، عدالت کے فیصلے کے بعد سندھ میں وزیر داخلہ کی ضرورت نہیں کیونکہ آئی جی خود وزیر داخلہ کے اختیار رکھتے ہیں ، اپنی حکومت سے کہوں گا کہ وزارت داخلہ ختم کردیں عدالت کے ایسے فیصلوں سے جمہوری حکومتی نظام نہیں چل سکتا اس قسم کے فیصلوں سے صوبائی خودمختاری زد میں آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید قتل کے مقدمہ میں فریق بننے کی درخواست عدالت نے مسترد کی تھی محترمہ کے قتل کے فیصلے پر اعتراضات ہیں پیپلز پارٹی محترمہ قتل کے فیصلے پر اب نظرثانی کی اپیل کرے گی ۔ سعید غنی نے ڈاکٹر فاروق ستار کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار نے بانی متحدہ کا انداز سیاست اپنایاہے، برما کے مسلمانوں پر مظالم کا ایک فیصد بھی مہاجروں کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جاسکتا کراچی میں صرف اردو بولنے والے نہیں سب طبقے دہشت گردی کا نشانہ بنے۔

SHARE

LEAVE A REPLY