چین کے شہر سائنا میں عالمی مقابلہ برائے ملکہ حسن منعقد ہوا جس میں دنیا بھر کی 121 حسیناؤں نے حصہ لیا تاہم 20 سالہ مانوشی چھیلر کو حسینہ عالم منتخب کیا گیا۔ انہیں گزشتہ برس کی ملکہ حسن سٹیفنی ڈیل ویلے نے تاج پہنایا۔ تاج پوشی پر مانوشی بھی روایتی انداز میں جذباتی ہوگئیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے ۔ 20 سالہ مانوشی مس ورلڈ کا اعزاز پانے والی پانچویں بھارتی حسینہ ہیں اس سے قبل ایشوریہ رائے ، ڈائنا ہیڈن ، یکتا موکھے اور پریانکا چوپڑا مسِ ورلڈ کا تاج اپنے سر سجا چکی ہیں۔
تاج پوشی کے بعد مانوشی نے کہا انہیں ابھی تک یقین نہیں ہورہا کہ وہ مس ورلڈ کا مقابلہ جیت چکی ہیں،بطور پانچویں بھارتی حسینہ عالم بننا میرے لئے خوشی اور ملک کیلئے باعث ِ فخر ہے ، میں اس کامیابی پر بے حد خوش ہوں ۔واضح رہے کہ مانوشی چھیلر اس وقت مس انڈیا بھی ہیں 17 سال بعد کسی بھارتی دوشیزہ نے مس ورلڈ کا تاج اپنے سر سجایا ہے ، اس سے قبل آخری مربتہ 2000 میں پریانکا چوپڑا نے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔












