پچھلے دنوں پارلیمنٹ کا اجلاس دیکھ کر جتنی خوشی ہوئی وہ ناقابلِ بیان بھی اور نا قابلِ یقین بھی ۔حکومت تو نئی ہے اُس میں موجود جوان خون ابھی سیکھ رہا ہے وقت لگے گا لیکن ہمارے پرانے عمر رسیدہ پارلیمینٹیریں ہمارے سابق وزیرِ اعظم اور خادمینِ اعلی جس قسم کی باتیں کر رہے ہیں اور جو زبان استعمال کر رہے ہیں اُسے سُن کر ہمارا دل چاہتا ہے کہ ہم ان لوگوں کو کسی اسکول کی پہلی کلاس میں داخلہ دلا دیں جہاں یہ کچھ سیکھ سکیں ۔ملک کہیں دور دور نظر نہیں آرہا ۔کہتے ہیں جب مفادات پر ضرب پڑتی ہے تو چیخیں نکلتی بھی ہیں اور انسان کا دماغ بھی مائوف ہو جاتا ہے ایسا ہی کچھ ہمیں اپنی دو سابقہ اقتداری پارٹیوں کے رویئے میں بھی نظر آرہا ہے ۔لہرا لہرا کر کہا جارہا ہے کہ بھیک مانگنے نکلے ہیں ۔زرا گریبان میں جھانک تو لو کہ کس نے مجبور کر دیا بھیک مانگنے پر کہیں اپنا ہی چہرہ تو آئینے میں نظر نہیں آجائیگا ۔ہم کسی کو بھی کچھ نہیں کہنا چاہتے مگر اتنا ضرور چاہتے ہیں کہ اگر ملک کے سنوارنے اُسے ٹھیک کرنے کی بات ہو رہی ہے تو خدا را اپنی مخالفت کو کہیں الگ رکھ دو ملک کی بات کرو عمران یہ ملک اپنے خزانے میں جمع نہیں کر لے گا جیسے تمہارے بڑوں نے کیا ۔ساتھ کچھ بھی نہیں جائیگا صرف اور صرف تمہارے اعمال ساتھ ہونگے ۔
ایک سات سمندروں کا پانی پئے اور سات سمندروں میں نہائے کارکُن جو ماڈل ٹائون کے شھیدوں کے بھی جواب دہ ہیں کہتے ہیں کہ شھباز کو عقوبت خانے میں رکھا گیا ہے ۔ہمارا سوال ہے کہ عقوبت خانے میں رہنے والے کیا اس قدر ھشاش بشاش ہوتے ہیں کہ کہیں سے پتہ نہیں لگتا کہ مو صوف کسی قید میں ہیں کسی ریمانڈ پر ہیں ۔چھلے پچھے آتے ہیں ۔ نہ کوئی خوف ہے نہ ملال کہ ملک کو کتنا پیچھے لے گئے ہیں اپنی حرکتوں سے ۔یہ لوگ وہ ہیں جو صرف اور صرف اپنی بات کرتے ہیں ۔ عقوبت خانے میں دیکھنا ہے تو عافیہ کی تصویریں دیکھو آپ کو پتہ چلے گا قید کیا ہوتی ہے ؟؟کاسی غریب کو دیکھو جو پیشیاں بھگتتا ہے ۔کسی ایسے کو دیکھو جو جیل کے ایک کمرے میں بیس بیس لوگوں کے ساتھ رہیتا ہے جو بیٹھ کر سوتا ہے جیل میں ۔جس کے پاس پیسے نہیں ہیں کہ ضمانت کرا سکے ۔یہ لوگ جو جیل میں بھی عیش سے رہتے ہیں گھر کا کھانا کھاتے ہیں گھر کے کپڑے پہنتے ہیں ۔انہیں تم کہتے ہو عقوبت خانے میں ہیں اے کاش کہ ہمارے بڑے ملزم عقوبت خانوں میں ہوتے ۔یہ تو اپنا کیا بیٹوں پر اور بیٹوں کا کیا دوسروں پر ڈال دیتے ہیں ۔
ہم شرمندہ ہوئے اپنے سا بق وزیرِ اعظم کی بات سُن کر جنہوں نے کسی کے والد کو بھی گھسیٹ لیا اپنی تلخ باتوں میں ۔کہاں کی تہزیب ہے کہاں کا علم ہے کہ مخالفت میں اتنی آگے نکل جائو کہ اخلاق کا دامن تار تار ہو جائے ۔ہمیں فخر ہے اُس جوان پر جس نے انہیں جواب نہیں دیا وہ بھی پرخچے اُڑا سکتا تھا آپ کے ۔تربیت نظر آتی ہے اُسے تلاش کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی ۔ہم نے جس طرح مخالفت میں اقدار کی دھجیاں بکھیری ہیں وہ تکلیف دہ ہی نہیں قابلِ ملامت بھی ہے ۔ہم کیا دے رہے ہیں نئی نسل کو ہمیں تو قدم قدم پر اُسکی تربیت اور اصلاح اک خیال کرنا چاہئے نہ کہ ہم اپنے منجھے ہوئے سیئاست دانوں کے دھندلے چہرے دیکھتے ہیں ۔
ہمیں اپنے جوان قومی اسمبلی کے حکومتی کارکنان سے یہ امید ہے کہ وہ حزبِ مخالف کی باتوں کو سُنی اَن سُنی کر کے اپنی بات کرینگے اور اسمبلی کے ماحول کو آلودہ ہونے سے بچائینگے ۔آپ جوانوں سے ہمیں بہت امیدیں ہیں کیونکہ آپ نئے ہیں اس ملک کی سیاست میں آپ کو ایسے قدم اُٹھانے ہونگے جو پہلے نہیں اُٹھائے گئے کیونکہ آپ تبدیلی کے نام پر آئے ہیں ۔آپ کو اخلاقیات پر بھی توجہ دینی ہوگی ۔یہ سارے چلے ہوئے کارتوس آپ کو اسی طرح اشتعال دلاتے رہینگے ہماری آپ کو نصیحت ہے کہ انکی باتوں میں مت آئیں بلکہ ایک ایسا ماحول دیں کہ ہم کہہ اُٹھیں کہ یہ ہے تبدیلی ۔ اسمبلی کسی بھی ملک کی ملک کے مسائل اور اُنکی بات کرنے کے لئے ہوتی ہے قانون سازی کے لئے ہوتی ہے اس طرح ایک دوسرے کے بخئے اُدھیڑنے کے لئے نہیں ہوتی ۔ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے اُس کی فکر ان پچھلے ارکان کو نہیں ہے یہ صرف اور صرف حکومتوں کو ڈھانے میں یقین رکھتے ہیں اور ایسی حکومت تو انہیں ایک آنکھ نہیں بھائے گی جو ان کے کچھے چٹھے کھولے اس لئے آپ سوچ سمجھ کر انکی چالوں کو رَد کریں ۔
جو لوگ تیس سال سے حکومت کر رہے ہیں وہ جب غربت اور مہنگائی کی بات کرتے ہیں تو ہمیں ہنسی آتی ہے ۔کاش مُڑ کر اپنی حکومتوں کی طرف دیکھ لیں کہ کس طرح ساز باز کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔کہیں بے نظیر کے نام پر تو کہیں بھٹو کے نام پر سوائے ہمدردیاں سمیٹنے کے کوئی کام نہیں کیا گیا ۔کاش بھٹو اور بے نظیر کی کسی ایک عوامی پالیسی کو ہی پورا کر دیتے اپنے دور میں ۔یہ لوگ صرف خواب دیکھنے تک محدود ہیں اور خواب بھی ہمیشہ دوسروں کو گرانے ہی کے دیکھتے ہیں کیوں کہ خود گر گئے ہیں اس حد تک کہ کہتے ہیں کہ جس نامعلوم کے اکائونٹ سے پیسے نکلے وہ زمے دار ہے ؟؟کیا بات ہے ۔ہمیں زرداری صاحب واقعئی زردار نظر آئے کہ زر جیسے بھی اآئے وہ زمے دار نہیں ہیں ۔سرے پیلس مل جاتا ہے دبئی کی جائیدادیں بن جاتی ہیں ہم نہیں کہتے غلط ہیں نہ جائیداد بنانا جرم ہے نہ خریدنا لیکن ثبوت نہ دینا منی ٹریل نہ بتانا ضرور تکلیف دہ ہے ۔کیا ہمارے ملک کے صرف بڑوں کو جو عوامی عہدوں پر متمکن ہوں انہیں ہی یہ جائیدادیں بنانے کا اختیار ہے یا کچھ غریبوں کی شُنوائی بھی ہونی چاہئے ۔اُس غریب کی طرف بھی نظر ہونی چاہئے جو دن بھر کی کمائی سے صرف اور صرف اپنے بچوں کا پیٹ بھر سکتا ہے بلکہ کبھی کبھی وہ بھی مئیسر نہیں ہوتا ۔
ہم جب ہر سگنل پر فقیروں کو مانگتے دیکھتے ہیں تو ہمارا دل دکھتا ہے ۔ان کے لئے کوئی نہ کوئی شیلٹر ضرور ہونا چاہئے بلکہ ہماری تو استدعا ہے وزیرِ اعظم عمران خان صاحب سے کہ خدا را یہ عورتیں جو معصوم بچوں کو گود میں لئے بھیک مانگتی ہیں ان کی طرف توجہ دیں ۔ہم کینیڈا میں ہیں، یہاں بھی لوگ آٹے میں نمک کے برابر ٹرالیوں میں سامان رکھے نظر آتے ہیں جن کا کوئی گھر ہے نہ در لیکن وہ بھی مانگتے نہیں ٹوپی رکھ کر بیٹھ جاتے ہیں جسے ڈالنا ہو اس میں کچھ ڈال دیں ۔کہیں بھی معصوم بچوں کو اس طرح نہ عورتوں کو اس طرح مانگتے دیکھا جاتا ہے ۔یہ ہمارے ملک کی توقیر کا سوال ہے ۔یہ ہمارے ملک کی عزت کا وقار کا سوال ہے ۔ہماری ہاتھ جوڑ کر استدعا ہے کہ خدا را ان معصوموں پر جو ظلم ہو رہا ہے اس مافیا پر ہاتھ ڈالیں ۔یہ نشہ پلا پلا کر بچوں کو بھیک مانگنے کا زریعہ بناتے ہیں ۔ ہمیں تو لگتا ہے کہ یہ بچے ان کے ہوتے بھی نہیں کہ ایک ماں سب کچھ سہہ لیتی ہے چاہے کتنی ہی جاہل ہو اپنے بچوں کو تکلیف نہیں دے سکتی ۔اس لئے اس طرف توجہ لازم ہے ۔
یہ سارے وہ مسائل ہیں جن کی طرف نئی حکومت کو ہر حال میں توجہ دینی چاہئے ۔حذبِ اختلاف آپ کو کسی ایسے مسئلے کو ختم کرنے کی طرف نہیں آنے دے گی جو اُن کے زمانے میں حل نہیں ہوئے اپنے کام پر توجہ دیجئے ان کی باتوں پر نہیں نہ ہی ان کا جواب دیجئے کہ ۔بہت سے دماغ صرف اور صرف فساد کی طرف جاتے ہیں ۔
نیب کے ایک اہم صاحب نے جو کچھ بتایا وہ آنکھیں کھولنے کو کافی ہے لیکن کاش ہم آنکھیں کھول سکیں ۔ہماری اپوزیشن پھر اپنے ہی حصار میں چھپنے کی کوشش کر رہی ہے یہ کہہ کر ہمارا ہی احتساب کیوں ۔ہماری سوچ ہے کہ احتساب لازم ہے جو بھی سامنے آئے جس پر بھی شک ہو جس نے بھی غلط کیا ہو چاہے حکومتی رکن ہو یا کسی بھی پارٹی کا حصہ ہو ۔سخت سے سخت اور کڑا محاسبہ جب تک نہیں ہوگا ہم ٹھیک نہیں ہونگے ۔جس طرح ادارے تباہ کئے گئے وہ بھی ایک المیہ ہے اب ان تمام غلطیوں کو ٹھیک کرنے کا وقت ہے ۔کانوں میں اُنگلیاں ٹھونسیں اور احتساب کریں سزائیں دیں ۔تاکہ کوئی غلط کام کرنے کی ہمت نہ کر سکے ۔
پی تی وی میں کیا کیا ہوا سُن کر سوائے افسوس کے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں ۔جس پتھر کو اُٹھاتے ہیں کرپشن کا پہاڑ نکلتا ہے ۔کاش اس طرح ملک کو نہ لوٹا ہوتا ۔اب بھی شرمندہ نہیں ہیں تو اس کے سوا کیا دعا کریں کہ اللہ ہمیں عقل و شعور اور ملک سے محبت عطا فرمائے آمین

SHARE

LEAVE A REPLY