جہان گم گشتہ کا عقاب، باب اول:” اس کی ماں کے گناہ” دوسری قسط

0
1193

” ہاں! ہم دونوں کو پناہ چاہئیے۔ ہم قلعہ کرد میں اپنے لوگوں سے بھاگ کر آئے ہیں اور ہماری قوم ‘سیاہ پادے’ (بلوچوں کی ایک گوت۔۔۔مترجم) ھے۔ ہم تین دن سے طوفانوں میں سفر کرتے آ رہے ہیں۔ اگر مزید سفر میں رہے تو ہو سکتا ہے۔۔۔۔” “پناہ” صوبیدار نے مداخلت کی۔ ” پناہ؟ پناہ میں تمھیں نہیں دے سکتا۔ میں اور میرے جوان تمھارے قبائلی قاعدوں سے خوب آگاہ ہیں۔ ہم۔۔۔تم اور تمھارے لوگوں کے بیچ ہرگز نہ آئیں گے۔” اس نے بات کو چبا چبا کر دہرایا۔” ہم۔۔۔تمھیں۔۔۔پناہ۔۔۔نہیں۔۔۔دیں گے!!!”
اس مرد نے تکلیف میں اپنے ہونٹ کاٹنے شروع کر دئیے۔۔۔اس تکلیف میں جو اس کے رگ و پے میں گردش کرنے لگ گئی تھی۔وہ سوچ رہا تھا، پناہ مانگ کر شاید اس نے اپنی سبکی کروا لی تھی۔ اس نے اپنے احساس ذلت کو مٹانے کے لئے ایک اور گزارش کر ڈالی کہ وہ اسے ہمسایہ بن کر رہنے کی اجازت دے دیں۔۔۔ایک انسان کا دوسرے انسان کے سائے میں رہ کر وقت گزارنا۔ وہ واپس مڑا جیسے اب آگے کہیں چل پڑے۔۔۔لیکن وہ واپس صوبیدار کی طرف مڑا۔ “ٹھیک ہے! میں آپ کی پناہ میں نہیں آتا۔ پر مجھے چند روز یہاں رکنے اور خوراک و پانی کی سہولت دی جاے۔”

صوبیدار ترنت بولا۔”یہ ہمیں منظور ہے۔” شاید صوبیدار کو اپنے پہلے جواب کی سختی کا ادراک ہو گیا تھا۔ “عارضی پناہ دیں گے۔۔۔جب تک چاھو رہو۔”

قلعے سے کچھ فاصلے پر کمروں کی ایک لمبی قطار تھی۔ یہ کمرے پہلی جنگ عظیم کے دوران جلدی جلدی میں تعمیر کئے گئے تھے۔ تب سپاہیوں کی تعداد سو گنا بڑھ گئی تھی۔ جونہی کمرے تعمیر ہوئے تو ریت نے ان کے گرد جمع ہونا شروع کر دیا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ ریت نے ان کو تقریبا چھپا دیا کیوں کہ کوئی اس ریت کو ہٹانے والا ہی نہ تھا۔ مرور زمانہ کے ساتھ زیادہ تر کمروں کی چھتیں اور دیواریں ملبہ بن کر اندر گرتی چلی گئیں۔ ان کی تعمیر سے لے کر آج لگ بھگ پچاس سال بعد ریت ان کمروں کی مالک بن چکی تھی تاہم چند ایک تھے جو ابھی تک نہیں گرے تھے۔ان میں سے ایک کمرہ گل بی بی اور اس کے عاشق کو رہنے کے لئے الاٹ کر دیا گیا۔ چند دن تک کمرے میں ماسوائے کبھی کبھار دروازہ کھلنے کے کسی حرکت کا احساس نہ ہوا۔ فوجی جب کھانے کا تھال دروازے پر رکھ جاتے تو دروازہ ایک جھٹکے سے کھلتا اور کھانا اندر چلا جاتا اسی طرح خالی تھال واپس رکھ دیا جاتا۔

جوں جوں دن گزرتے گئے لگا کہ وہ جوڑا اب اعتماد اور حوصلہ پکڑ رہا تھا۔ اکثر ایسا ہو جاتا کہ مرد دروازہ کھلا ہی چھوڑ جاتا۔۔۔جب وہ باہر اونٹ کی دیکھ بھال کے لئے نکلتا۔ پھر ایک روز وہ لڑکی بھی باہر آ گئی۔۔۔خشک جھاڑیوں سے جھاڑو بنانے کے لئے۔ چند روز کی بیکاری کے بعد مرد اپنی مرضی سے فوجیوں کے لئے چشمے سے پانی لانے کا فرض ادا کرنے لگ گیا۔ وہ دن میں دو بار چشمے پر جاتا اور اپنے اونٹ کو پانی کے مشکیزوں سے لاد کر لے اتا۔ ایک روز وہ فوجیوں کے لئے اپنی بیوی کے ہاتھوں سے کھجور کے خشک پتوں سے بنی ٹوکریاں، چھکو اور چھابیاں لے آیا۔۔۔بطور تحفہ۔۔۔”یہ تمھاری روٹیاں رکھنے کے لئے ہیں۔”
زندگی اسی ڈگر پر آگے بڑھتی رہی، جوں جوں وقت آگے بڑھتا گیا۔

دن ہفتوں میں بدلے، ہفتے مہینوں میں۔ سردی کی جگہ گرمی آ گئی۔ کچھ سپاہی پوسٹ چھوڑ کر چلے گئے اور ان کی جگہ نئے آ گئے۔

ہر ایسی فوجی تبدیلی پر وہ جوڑا کچھ روز اپنے تئیں کمرے میں بند ہو جاتا۔۔۔اور وہ مشکل سے ہی باہر آتے۔ پھر کچھ دنوں بعد بہت محتاط ہو کر باہر نکلنے لگتے اور ھفتے دو ھفتے بعد تو بلکل معمول پر آ جاتے۔ اکثر ان کا بہانہ صحرائی چھپکلیوں کی دہشت ہوتی حالانکہ وہ بیچاریاں تو خود کسی معمولی خطرہ پر بھی اپنے بلوں میں چھپ جاتیں۔

جب بھی پرانے فوجی پوسٹ چھوڑ کر جاتے تو وہ لازما ان دونوں کے لئے کچھ نہ کچھ چھوڑ جاتے۔۔۔تھوڑے پرانے جوتے۔۔۔پیوند لگی چادریں۔۔۔یا پھر ایلو مینیم کے برتن۔ وہ ایسی اشیاء کے بنڈل بناتے اور ٹرک کے ہیڈ کوارٹر کی طرف روانہ ہونے سے قبل خاموشی سے ان کے دروازے پر چھوڑ جاتے۔ ایک وقت آیا جب فوجیوں نے تنخواہ والے دن کچھ پیسے الگ کر کے اس کی پانی لانے کی مشقت کا معاوضہ دینا چاھا۔ اور جب پہلی بار ان فوجیوں نے اسے رقم دینی چاہی تو اس نے انکار کر دیا۔۔۔لیکن جب اس نے دیکھا فوجی اس کے انکار سے تھوڑے مغموم ہو رہے تھے تو اس نے رقم بنا شکریہ ادا کئے وصول کی۔۔۔اپنی بوسیدہ ویس کوٹ کی جیب میں ڈالی اور ان سے پرے چلا گیا۔ بلاشبہ! اس کے لامحدود صبر، تنہائی اور چہرے پر کرخت سی سنجیدگی سے نئے آنے والے فوجی چند روز تھوڑا خوفزدہ سے رہتے لیکن انھیں چند دنوں بعد وہ اس سے مانوس ہو جاتے۔ دلچسپ امر یہ تھا کہ وہ پھر بھی ان کے لئے مانوس اجنبی ہی رہتا اور اپنے گرد قائم خاموشی و اجنبیت کی فضا کبھی ختم نہ کرتا۔

حقیقی تبدیلی تو تب آئی جب ان کے ہاں ایک بچہ پیدا ہو گیا۔ فوجی جلد ہی اس منحوس ویران جگہ پر بنی پوسٹ کی یکسانیت بھری زندگی سے اکتا جاتے۔۔۔وہ خواہش کرتے کہ کسی بھی طرح جلد از جلد کسی آباد، سر سبز جگہ واپس چلے جائیں، جہاں معمول کی زندگی کی چہل پہل ہو اور دکانوں پر لین دین کی بحثیں ہوں۔۔۔سودا سلف سے بھری الماریاں ہوں۔ لیکن بچے کی پیدائش کی خبر نے اس ویران جگہ پر شاید دنیا کی آخری چوکی پر زندگی کی رمق اور ان جانی سی خوشی کی لہر دوڑا دی۔

فوجی اس وقت حیران ہوتے جب وہ عورت جھریوں بھرے چہرے والے بچے کو۔۔۔جس کی سیاہ لٹیں تھیں۔۔۔ریں ریں کرتے دیکھتے۔ بسا اوقات بچے کی کلکاریاں اور بعض اوقات بچے کے رونے کی آواز ان فوجیوں کو یادوں میں واپس اپنے خاندانوں میں لے جاتیں، جن سے بچھڑے ہوے انھیں برسوں بیت جاتے۔ لگتا تھا کہ اس جوڑے نے بھی بچے کی پیدائش کے بعد اپنی پریشانیوں کو ختم کر دیا تھا۔ بے شک، انھوں نے اپنے رنج و الم کو وقتی طور پر بھلا دیا تھا۔

جوں ہی موسم سرما ختم ہوتا تو عورت دشت سے خشک جھاڑ جھنکار چن کر لاتی اور موٹا اور شاندار پردہ بن لیتی جو پوری گرمیاں دروازے پر لٹکا رہتا اور کمرے کو سورج کی حدت سے محفوظ رکھتا۔ وہ مٹی میں پانی ملاتی اور گارا گوندھ کر کمرے کے فرش، دیواروں اور دروازے کے سامنے کافی بڑی جگہ پوت دیتی۔ اس نے اس سے بھی زیادہ کام کیا۔۔۔اس نے چھ انچ سے کچھ اوپر دیوار سی اپنے کمرے کے سامنے کھڑی کر دی، بلکل ایک صحن کی حد بندی کر دی، جس میں دو چارپایاں بچھ سکتی تھیں۔ اس نے صحن کے اس دالان کا ایک گیٹ بھی بنایا۔۔۔ایک گیٹ جس کے دونوں جانب مینار بھی تھے۔ وہ سب کام مکمل کر کے فخر سے کھڑی رہی کہ شام کو اس کا مرد آ کر اس کی دستی مہارت دیکھے۔ اس روز اس بیچاری کو کچھ زیادہ ہی انتظار کرنا پڑا۔۔۔کیونکہ اس روز اس کے مرد کا اونٹ چرتا ہوا کافی دور نکل گیا۔ آخر کار جب وہ واپس آیا تو وہ کتنی دیر خاموش کھڑا اس کے کیے گئے کام کو دیکھتا رہا۔۔۔آخر کار بولا۔ “میری محبوب! میری جان! سب کام بہت اعلی! لیکن یہ مینارے گرا دو۔ مجھے انھیں دیکھ کر ایک وحشت کا احساس ہوا ہے۔” جب اس کی بات کے معنی خوب سمجھ گئی تو دیوانہ وار ان میناروں پر جھپٹی اور ان کو عام مٹی میں تبدیل کر دیا۔

غلام حسین غازی

جاری ہے

SHARE

LEAVE A REPLY