العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس: نواز شریف کی درخواست ضمانت مسترد

0
624

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں دی جانے والی سزا کے فیصلے کے خلاف دائر ضمانت کی درخواست کو مسترد کردیا۔

نواز شریف نے طبی بنیادوں پر عدالتی فیصلے کے خلاف ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن کے بینچ نے ضمانت کی درخواست پر محفوظ مختصر فیصلہ سنادیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے مذکورہ درخواست کا تفصیلی فیصلہ کچھ دیر میں جاری کیا جائے گا۔

عدالتی فیصلے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں عدالتی فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے لیکن ہم نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے اور اس فیصلے کا بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اُمید تھی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرے گی لیکن ایسا نہیں ہوا، لہٰذا اب دیگر قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر ان کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک شعر ٹوئٹ کیا۔

19 فروری 2019 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال سزا کی معطلی کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن کے بینچ نے وکیل دفاع خواجہ حارث اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY