بے شک یہ دنیا رنگ برنگی ہے۔ ہزاروں لاکھوں رنگوں کی جدت اور انفرادیت کا مجموعہ اسکی قدرت کی غمازی ہے
جس رخ سے دیکھو ایک نیا رنگ دکھائی دیتا ہے اور اگر انسان اپنی آنکھیں کھلی رکھے تو ہر لمحے حیرت کر دینے والی چیزیں مبہوت کر دیتی ہیں
شادی کے حوالے سے اردو ادب بھی محاوروں میں مالا مال ہے اس پر پھر کبھی بات ہو گی لیکن اس وقت ایک عجیب سی بات
ہمارے ہاں شادی کو کمبل بھی کہا جاتا ہے لیکن برے معنی میں نہیں اچھے معنی میں۔ یہ تو برسوں سے سنتے آئے ہیں لیکن اب تو یہ جان کر جیسے حیرت زدہ رہ گئے کہ کمبل سے شادی بھی ہو سکتی ہے۔ جی یہاں کمبل سے مرآد بیوی نہیں طنز کے طور پر بلکہ کمبل واقعی بیوی یا شوہر
ایک خبر اور بھی نظر سے گزری کہ ایک امریکی شخص روبوٹ سے شادی کر رہا ہے اس پر بھی کسی اور وقت بات ہو گی لیکن یہ سوچا کہ اس امریکی کو روبوٹ سے شادی کی کیا ضرورت پڑی جبکہ بے شمار سچ مچ کی جیتی جاگتی روبوٹ بیویاں مل جاتی ہیں
آیئے اس خبر کی طرف اور خود پڑھ لیجئے
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
دنیا بھر میں خواتین شریک حیات کیلئے بہترین مرد کا انتخاب کرتی ہیں لیکن برطانوی خاتون نے اپنے کمبل سے بے پناہ محبت کے باعث اسے جیون ساتھی بنانے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 49 سالہ پاسکل سلیک نامی خاتون نے شادی کی تقریبات منعقد کرنے والے ادارے کی مدد سے اپنے کمبل سے شادی کا اعلان کر کے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ خاتون نے اپنی شادی میں دعوت عام دی ہے جو چاہے ان کی خوشی میں شریک ہو سکتا ہے۔ شادی کی یہ عجیب و غریب تقریب 10 فروری کو منعقد ہو گی جس میں پاسکل سلیک نائٹ گاؤن زیب تن کریں گی اور پاؤں میں چپّل پہنیں گی۔
پاسکل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انھیں اپنے کمبل سے بہت محبت ہے اور وہ کبھی بے وفائی نہیں کرتا۔ خاتون کے مطابق انھوں نے لوگوں کو شادی میں اس لئے مدعو کیا ہے تاکہ وہ کمبل سے ان کے رشتے کے گواہ رہیں۔ پاسکل نے شادی میں شرکت کے خواہشمند لوگوں سے گاون پہننے اور ہاتھ میں گرم پانی رکھنے کی بھی عجیب و غریب درخواست کی ہے۔
صفدر ھمدانی













