سوئٹزرلینڈ کے صدر اُوئلی ماؤریر نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ بیجنگ میں ایک ملاقات کے دوران ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ پروگرام میں شمولیت کی مفاہمت پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس انتہائی جامع پروگرام کے تحت بندرگاہوں، سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کے مختلف پہلووں کی تعمیر میں چین مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے علاوہ یورپی یونین اور امریکا اس چینی پروگرام کو متنازعہ قرار دیتے ہیں۔ رواں برس مارچ میں امیر ملکوں کے گروپ جی سیون کی رکن ریاست اٹلی نے بھی اس چینی پروگرام میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا دوسرا اجلاس دو روز قبل ستائیس اپریل کو چینی دارالحکومت بیجنگ میں اختتام پذیر ہوا ہے۔











