پاکستان نے 5 ماہ بعد تمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی

0
550

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاک-بھارت کشیدگی کی وجہ سے بندش کی شکار فضائی حدود تمام پروازوں کے لیے کھول دی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سول ایوی ایشن کی ویب سائٹ پر ایئرمین کے لیے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا کہ پاکستان کی فضائی حدود کی بندش ختم کردی گئی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا ہے۔

جب سی اے اے حکام سے اس حوالے سے بات کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی فیصلے کی تصدیق کردی۔

خیال رہے کہ سیکریٹری سول ایوی ایشن اتھارٹی شاہ رخ نصرت نے کہا تھا کہ بھارت نے پاکستان سے اس کی فضائی حدود کھولنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر پاکستان کی جانب سے جواب دیا گیا تھا کہ اگر بھارت پاکستانی فضائی حدود سے متصل تعینات اپنے لڑاکا طیارے ہٹالے تو پاکستان اپنی فضائی حدود کھول دے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ وہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے ممبئی اور دہلی کے لیے اپنی فلائیٹس 26 اکتوبر تک بند کردے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY