وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کی خبر سننے کے بعد سے ہمارا دل بہت دھڑک رہا تھا ۔کبھی پرچی پکڑے لوگ سامنے آرہے تھے کبھی ہکلاتے لوگ سامنے تھے ۔اور امریکہ سپر پاور کے صودر ہمیں حیران پریشان نظر آتے تھے کہ کیا بات کریں کیا کہیں اور کیا نہ کہیں ۔پھر کوئی بھی پاکستان کے بارے میں بیانیہ نہیں ہوتا تھا بعد میں سوائے ڈو مور کے ۔اس لئے ہماری نیندیں اُڑی ہوئی تھیں ۔لیکن آج ہم فخریہ کہہ سکتے ہیں کہ ہم کچھ بھی مانگنے نہیں گئے اور نہ ہی امریکہ کو ڈو مور کہنے کی تکلیف اُٹھانی پڑی ہم نے ہمارے امریکی پاکستانیوں نے ثابت کیا کہ جب لیڈر جرئت مند ہو بہادر ہو سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو تو قوم کھڑی ہو جاتی ہے ۔
جو جلسہ ہم نے دیکھا ہمارے تصور میں نہیں تھا جب ہمیں پتہ چلا کہ ایرینا بک کیا گیا ہے تو ہم اللہ کے آگے سر بسجود ہوگئے ایک سچے اور پکے پاکستانی کی طرح کہ اے مالکِ کُل عزت رکھنا ہماری قوم کی اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اللہ کی مدد ہر حال میں شامل ہے ہمارے پاکستان کے ساتھ ۔ جو ہمیں اتنی کامیابی مل رہی ہے ۔کہ ہم بڑی مدت بعد ایک اطمینان محسوس کر رہے ہیں ۔ہم وہ قوم ہیں جو ہر مشکل وقت میں ثابت کرتی ہے کہ اُس میں بہت صلاحیت ہے وہ کھڑی ہوسکتی ہے ہر مشکل اور کڑے وقت میں اگر نمائندگی ٹھیک ہو ایمانداری سے ہو اور پاکستان کا مقدمہ لڑا جائے پاکستان کی بات کی جائے ،پاکستان کے بارے میں سوچا جائے ۔وزیر اعظم سادگی سے دورے پر گئے تو ہم نے شوشہ چھوڑا کہ ملک کی زلت ہو گئی نہ جانے ہم کیسے لوگ ہیں ،جب امریکہ کا صدر لائن میں کھڑے ہوکر برگر لیتا ہے تو ہم اسکی تعریف میں قلابے ملاتے ہیں ۔جب کینیڈا کا وزیر اعظم ٹرین میں عام مسافر کی طرح چڑھتا ہے تو ہم تعریف کے ڈونگرے برساتے ہیں ۔جب برطانیہ کا وزیر اعظم اپنا سامان بچوں کے ساتھ لے کر جاتا نظر آتا ہے تو ہم اسکی توصیف کرتے ہیں ۔لیکن دوسرا رُخ یہ ہے کہ جب ہمارا وزیر اعظم سادگی کی مثال بنتا ہے یا نئی تاریخ رقم کرتا ہے تو ہمیں ملک شرمندہ ہوتا نظر آتا ہے یہ کیسی دو رُخی ہے ہماری ؟ یہ تو بہت اچھی بات ہے کہ ہم غریب ملک کے رہنے والے اپنے اخراجات کو کنٹرول کریں ۔اور یہ بات اوپر سے ہی چلنی چاہئے ۔لیکن ہمیں کان بند کرنے ہونگے ۔کیونکہ یہ باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جو جہازوں کو ٹیکسی کی طرح کھڑا رکھتے تھے جب تک بیرونی دورے پر ہوتے تھے ۔اور عوام کا پیسہ اُڑ جاتا تھا پُھر ہو کر ۔۔۔۔
ہمیں دکھ ہے کہ ہم اب بھی منفی نقطے اُٹھا رہے ہیں ایسی باتیں کر رہے ہیں جو صرف اور صرف سیاسی جگت بازی ہے اور کچھ نہیں ۔
ہمیں اُمید ہے کہ اتنے بڑے بڑے امتحانات سے گزر کر ہم مہنگائی کا طوفان بھی کم کر لیں گے انشاء اللہ اگر اللہ کی مدد شامل رہی عوام نے سچ اور حق کا ساتھ دیا ایمانداری اور بے لاگ احتساب کے ساتھ تو ہم ترقی کے زینے تیزی سے چڑھ جائیں گے ۔یہاں بھی ساری لابی مخالفوں کی ڈھیر ہو گئی ۔اور جگہ نہ ملی کوئی بھی خرابی لگانے کے لئے یہ اللہ کا کرم ہے اور ہم سب کو ہی شکر ادا کرنا چاہئے ورنہ ہمیں ٹرمپ صاحب سے کسی بھی اُلٹے سیدھے جملے کی امید تھی ۔لیکن انہوں نے جو گرم جوشی دکھائی وہ بھی پاکستان کے لئے اچھی بات ہے ۔ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے کیونکہ ہم ایک پر امن قوم ہیں اور امن سے رہنا چاہتے ہیں سب کے ساتھ ۔اسی لئے اب ہمیں کان بند رکھنے چاہئیں اور آنکھیں کھلی رکھنی چاہئیں تاکہ ہم برے بھلے کی تمیز کر سکیں ۔
بڑے عرصے سے ایک ہی اآواز اآرہی تھی کہ دما دم، مست قلندر ہوگا ۔ہم دھمال اور ڈھول کی تھاپوں کے منتظر ہی رہے لیکن کوئی پارٹی بھی نہ دھمال ڈال سکی نہ حال کھیل سکی نہ ہی گھنگرو باندھ کر نکل سکی یعنی دما دم مست قلندر کی حسرت ہی رہ گئی ،لیکن حکومت نے ضرور دما دم مست قلندر ہی نہیں بلکہ ڈھول کی تھاپ پر نچانا بھی شروع کر دیا ہے کہ اگر کسی نے کہیں غلطی کی تو قانون سب کے لئے برابر ہے ۔اگر کہیں اجازت نہیں ملی تو ریلی نہیں نکل سکتی جو نکالے گا وہ پکڑا جائیگا ،کاش عمل ہو ۔ساتھ ہی سب قیدی برابر ہیں سب کے ساتھ یکساں سلوک ہوگا بلا امتیاز ۔یہ وہ بڑا فٰصلہ ہوگا جو ایک مثبت قدم کے طور پر اپنایا جائے گا ۔اگر برابری کی بنیاد رکھ دی جائے تو ہم بہت سے ایسے اقدامات سے بچ سکیں گے جو ہمیں تکلیف دیتے اور طاقتور کو بچاتے نظر آتے ہیں ۔
ہمارا مشورہ ہے کہ کان بند کر لیں لیکن خدا را آنکھیں کھلی رکھیں ۔کیونکہ آنکھیں بند کرنے سے بہت نقصان ہوتا ہے ۔جیسا کہ ہم سب دیکھ رہے ہیں ۔ہر شخص اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا رہا ہے ۔اور ہر ایک کا ایک ہی دعویٰ ہے کہ ہم سے بہتر کوئی نہیں ِ بیانات کی اتنی بھر مار ہے کہ سچ اور جھوٹ ایک ہو گئے ہیں ۔لیکن ہمارا دکھ صرف ایک ہے کہ خدا را اپنی چپقلش اور اپنی اپنی رنجش میں پاکستان کا نقصان نہ کرو۔ پاکستان ہم سب کا ہے اسے اللہ نے ہمیں ایک نعمت کے طور پر دیا ہے ۔خدا را اسکے مفادات کی حفاظت کرو اپنی زات کو پیچھے چھوڑ کر ۔ہمارے وزیر اعظم امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد واپس آرہے ہیں کہتے ہیں کہ اب ایک اور طاقتور عمران خان سامنے آئیگا کاش ایسا ہی ہو کہ بہت زخم ہیں ہمارے دلوں پر کاش ماڈل ٹائون کو کھولو ۔کاش بلدیہ کو کھولو ،کاش ہر اس ناحق خون کو انصاف دو جو بلا وجہ بہایا گیا ۔کم از کم ماڈل ٹائون کی بات تو کرو جس کو کوئی بھلا نہیں سکتا ،ہماری خواہش ہے کہ اُن لوگوں کو انصاف ضرور ملے جو اس سانحے کے باعث اپنا سب کچھ کھو بیٹھے ۔ کوئی معزور ہو گیا کوئی کاروبار کے قابل نہ رہا ۔کسی سے ممتا چھن گئی کسی سے بیٹا چھن گیا ۔کسی سے باپ کی محبت چھین لی گئی ۔لیکن قاتل کون تھے اب تک پتہ نہ چلا ۔کس کے حکم پر ہوا نہ جان سکے ۔ہماری سوچ ہے کہ سب سے بڑا مجرم حکم دینے والا ہے جسے ہمارے ملک میں چھپا دیا جاتا ہے ۔اب صرف حکم دینے والے پکڑے جانے چاہئیں ۔تاکہ ظلم ختم ہو ۔
ہماری خواہش ہے کہ عدل بھی اب تیزی سے ہو تاکہ ہم اس روز روز کے قضئے سے بھی بچ سکیں کیونکہ ان مقدمات کی وجہ سے ہمارا محور بجائے پاکستان کے ان تمام غیر سنجیدہ اور بے تُکے بیانات کی طرف ہو جاتا ہے جن سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ۔مریم صفدر نکل پڑی ہیں کالی قمیض پہن کر ۔کاش انہوں نے اپنے والد کو جب ہی مشورہ دیا ہوتا جب پا ناما آیا تھا کہ استعفا دے دیں تو شاید اس قدر سُبکی نہ ہوتی جتنی وہ آج بھگت رہی ہیں ۔کبھی کبھی عقلمندی بھی بے وقوفی بن جاتی ہے اور اتنا شدید نقصآن کرتی ہے جس کا تصور بھی انسان نہیں کر سکتا ۔ہمیں تو ایسا ہی محسوس ہوتا ہے کیونکہ ہم اُس وقت بھی اس حق میں تھے کہ بجائے اپنا کچا چٹھا کھلوانے کے خاموشی سے علیحدہ ہا جائیں لیکن جب شیر کے منہ کو خون لگ جاتا ہے تو وہ دھوکے سے مارنے اور چھپ کر حملے کرنے لگتا ہے ۔لیکن جب پکڑ لیا جاتا ہے تو پھر کیفرِ کردار کو پہنچ جاتا ہے یہ ہم سب کے لئے ہی سوچنے کا مقام ہے ۔ہم سب کو ہی اللہ سے ڈرنا چاہئے اور اپنے اعمال پر کڑی نظر رکھنی چاہئے کہ اکثر بلکہ اب تو لگتا ہے کہ زیادہ تر دنیا میں بھی سزا مل جاتی ہے ۔
بلاول صاحب نے ایک اچھا ٹوئٹ کیا شاید انہیں امریکہ جا کر اپنے قد کا بھی اندازہ ہو گیا اور عقلمند وہ ہی ہوتا ہے جو وقت پر سنبھل جائے ورنہ حقانی اور اُن جیسے لوگ بھی اب شاید کھل جائینگے ،کہ پاکستان کے لئے کیا کیا کرتے رہے ۔
ہماری تو ایک ہی استدعا ہے ہر پاکستانی سے کہ خدا را پاکستان کی بات کرو پاکستانی بنو ۔پاکستان کی محبت ہم سب کے دلوں میں خون کی طرح گردش کرتی ہے اپنے اندر موجود دشمنوں کو اُجاگر کرو اور انہیں بھی پاکستان کی محبت کی طرف مائل کرو تاکہ ہم اپنے ملک کو کھڑا کر سکیں اسے پائیدار امن اور خوشحالی دے سکیں انشاء اللہ
کان بند کر لیں ،آنکھیں کھلی رکھیں,عالم آرا
653
0












