سجدے سے سجدے تلک
یہ بندگانِ صدق وصفا، تسلیم ورضا
عشق الٰہی ان کے رگ وپے میں
اور وارث اس بے پناہ عشق کے
جب ایک بیٹا والد کو کہتا ہے
آپ کر گزرئیے جو دیکھا خواب میں
ان شاءاللہ پائیں گے مجھے صابرین میں
والد جو سراپا عشق، خلیل اللہ، حنیف
لے کر چلے نور العین کو منٰی کی وادی میں
تو فرزند عظیم، یوں دینے لگے مشورہ
کہ مجھے سر کے بل لٹائیے
تاکہ نہ آئےپائے استقلال میں لغزش
کائنات کا زرہ ذرہ ملائکہ حیران وششدر
باپ بیٹے کے جذبے اور عشق کو یوں کیا قبول کہ
پٹی اتری تو مینڈھا ذبح اور اسماعیل سلامت
کہ پورے اترے آزمائش میں ،
عشق کے امتحان میں خلیل اللہ، ذبیح اللہ
پھر اولادِ اسماعیل میں آیا وہ پیمبر
جس کی خوشخبری ہر صحیفے میں
وہ جو دعائے خلیل اور نوید مسیحا
وہ جو محبوبِ رب کائنات
وجہ تخلیق کائنات، تشریف لائے
صادق وامین جس کالقب
جو پیکر صبر ورضا جود وسخا
عزم وہمت کا کوہِ گراں
صبر وشکر کا بحر بے کراں
جو زخم کھا کر بھی محوِ دعا
جو روف ورحیم
رحمت العالمین خاتم النبین
شافع روز جزا جس کی حمد وثنا کرے خود خدا
علم کا شہر ہیں اور باب علم ہیں علی
زہرہ بتول دونوں آنکھوں کا نور
جن کے نور نظر ہیں حسین وحسن
جگر گوشہ ہیں نانا کے محبوب ہیں
جو دوش محمد کے سوار ہیں
جن کی آنکھوں اور ہونٹوں پہ ثبت بوسہ رسول،
جن کی گھٹی میں لعاب دہن
یہ ہیں وہ نوجوانان ِجنت
جن کا سارا گھرانہ ہے یکتا وبے نظیر
علم و آگہی، صدق وصفا، صبر ورضا عشقِ خدا وند جن کی پہچان ہے
عشق میں جاں لٹانے کو تیار ہیں۔
حکم خداوند کے آگے سر جھکائے
بے چوں وچرا،
حکم خداوند کا جھنڈا اٹھائے ہوئے
جاں ہتھیلی پہ اپنی ٹکائے ہوئے
کیسے ممکن ہے پھر کہ کریں بیعت یزید
نانا کے دین کے ہیں محافظ حسین
نانا کی گود کے پروردہ حسین
کیسے ممکن ہے دیں دوام تخت یزید کو
کفر کے سامنے سینہ سپر ہیں حسین
ان کے انکار سے لرزہ براندام ہے تخت یزید
یہ ہے کربلا، ارض کرب وبلا
آزمائش وابتلا ،ہر طرح کے ستم
ایک طرف سپاہ یزید آمادہ جور وستم
دوسری طرف وارث اسماعیل پیکر صبر ورضا
واقعہ کربلا نہیں ہے صرف واقعہ
یہ محبت، مودت کا پیغام ہے
درس اخلاق ہے، درس مہر ووفا
درس شجاعت ہے بے مثل وبے نظیر
شان حیدر لئے برسر پیکار ہیں
آگیا عین جنگ میں نماز عصر
سر ہے سجدے میں اور لب پہ یادِ خدا
معنی ذبح عظیم لخت جگر فاطمہ
اور شمر لعیں کند خنجر لئے
پشت پر باخدا
یہ ہے سجدے سے سجدے تلک کا سفر
بندگان صدق وصفا، تسلیم ورضا
نصرت نسیم محرم الحرام کی دو تاریخ ۱ اگست 2022













