پیپلزپارٹی کےرہنماخورشید شاہ نےکہاہےکہ بلاول بھٹوکی قومی اسمبلی میں انگریزی میں تقریر پر وزیراعظم عمران خان کی تنقید چھوٹا پن ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک طرف سیاستدانوں کو بلاتی ہےتو دوسری طرف ان کا لیڈر تنقید کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے متنازع رویے کے باوجود پارلیمنٹ میں ایک لفظ نہیں کہا اور یہ دوہرا معیار ہے کہ ایک دعوت دیتا ہے دوسرا گالیاں دیتا ہے۔
پی پی رہنما خورشید شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں قومی سیاست کرنا نہیں آئی ہے اور ان کوتقریر اس لیےسمجھ نہیں آئی کیونکہ وہ پارلیمنٹ آتے ہی نہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹوکی تقریرمستقبل کی حکمت عملی پرتھی جوانہیں سمجھ نہیں آئی جبکہ کابینہ میں جو فیصلے کرتے ہیں وہ کسے خوش کرنے کیلئے کرتے ہیں ہم نے ہمیشہ سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
بھارت کے حوالے سینیئررہنما نے کہا کہ بھارتی شکست کی وجہ وہاں کے سیاست دانوں کاایک نظریے پر نہ ہوناہے کیونکہ بھارت میں 2نظریےموجود ہیں،مودی جنگ اور دوسرے امن چاہتے ہیں۔












